حنیف عباسی کا مغلپورہ اسٹیل و کیرج شاپس کا دورہ، ریلوے پرزہ جات کے معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مغلپورہ اسٹیل اور کیرج شاپس کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹرینوں میں استعمال ہونے والے پارٹس ہنگامی بنیادوں پر مقررہ معیار کے مطابق تیار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اسٹیل شاپ میں الیکٹرک آرک فرنس مشین کا معائنہ کیا اور فرنس میں تیار ہونے والے پرزہ جات کے معیار کی جانچ کے لیے قائم سپیکٹرو لیب کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک آرک فرنس کے فعال ہونے سے اسٹیل شاپ کی پیداوار میں اضافہ اور معیار میں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے فائونڈری شاپ، رولنگ مل، سپرنگ شاپ، بفر، وہیل شاپ، لوہار خانے اور اسٹیل و کیرج شاپس کے دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔
سپرنگ شاپ میں تیار ہونے والے سپرنگز کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کوالٹی کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹرینوں میں استعمال ہونے والے تمام پرزہ جات کی تیاری میں مقررہ معیار کو یقینی بنایا جائے۔
محمد حنیف عباسی نے مزدوروں سے ملاقات کے دوران ہیٹ الائونس میں اضافے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکریپ کا سروے مکمل کرکے 31 دسمبر تک اس کی فروخت یقینی بنائی جائے، جبکہ کیرج شاپس کے مختلف شعبوں میں جاری سول ورکس 30 نومبر تک مکمل کیے جائیں۔











