رواں سال 5143 آپریشنز میں 2410 دہشت گرد ہلاک، محسن نقوی کا قومی اسمبلی میں جواب

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رواں سال یکم جنوری سے 29 ستمبر تک ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف 5143 آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں میں 2410 دہشت گرد ہلاک، 806 زخمی جبکہ 3518 گرفتار ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں بتایا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم آن لائن انتہا پسندانہ مواد کی روک تھام پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔
افغان شہریوں کے شناختی کارڈز
وزارت داخلہ کے مطابق پانچ سال میں سوا 3 لاکھ افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ ہوئے۔ ایک لاکھ 26 ہزار 341 افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈز منسوخ کیے گئے۔ ان افغان شہریوں کے شناختی کارڈز کی قانونی حیثیت مشکوک تھی۔
آن لائن خطرات اور نیکٹا
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وفاق اور صوبوں میں آن لائن خطرات سے نمٹنے کا کوئی منظم یا مربوط نظام موجود نہیں۔ اداروں اور اوپن انٹیلی جنس سیلز کو تربیت یافتہ تجزیہ کاروں کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے پاس 24 گھنٹے نگرانی کی صلاحیت بھی نہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق نیکٹا نے 2026-27 میں 2 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مانگے تھے، تاہم رواں سال کے لیے اسے صرف 1 ارب 33 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔ نیکٹا ایک قانونی ادارہ ہے مگر اس کے پاس گرفتاری یا قانون نافذ کرنے کے اختیارات نہیں، اور اسے اب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈویژن بنایا جائے گا۔











