وزیراعظم کی لائیو سٹاک بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے۔
وفاقی حکومت مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی پیداوار کا قومی سطح کا پلانٹ اپنے وسائل سے قائم کرے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔
بورڈ کی تنظیم نو
لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے 2007 میں قائم کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کر کے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے لائیو سٹاک کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز میں لائے گئے درآمد شدہ مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ درآمد شدہ مویشیوں سے بذریعہ ویلیو ایڈیشن گوشت اور دودھ کی مصنوعات (Meat and Dairy Products) برآمد کی جائیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں مویشیوں کی ویکسین کا پلانٹ قائم کرنے کے حوالے سے حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بریفنگ
اجلاس میں وزیراعظم کو لائیو سٹاک کے شعبے میں اصلاحات اور اس شعبے سے منسلک برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
بتایا گیا کہ مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان میں مویشیوں کے لیے دستیاب ویکسین DRAP سے منظور شدہ نہیں، اس لیے ملک میں مویشیوں کے لیے پیوریفائڈ ویکسین کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ درآمد کیے جانے والے مویشیوں کے لیے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاؤسز کے قیام کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔











