2005 کے زلزلے کا دکھ آج بھی تازہ، قدرتی آفات کے لیے ادارے ہر وقت تیار رہیں: مریم نواز

لاہور (اعتماد ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 21ویں قومی یومِ استقامت پر 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں جان دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ اس غیر معمولی زلزلے کے متاثرین کا دکھ ہر پاکستانی آج بھی محسوس کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی اور ایثار کا جذبہ ناقابلِ فراموش ہے اور زلزلے اور سیلاب کے دوران عوام کا اتحاد اور ثابت قدمی قابلِ فخر قومی کردار ہے۔ انہوں نے پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122 اور پولیس سمیت ریسکیو اور ریلیف میں شریک اداروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ کے بقول اداروں کو قدرتی آفات کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، کیونکہ پیشگی تیاری ہی جان و مال اور ماحول کو تباہی سے بچاتی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ کے لیے مؤثر پالیسی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا رہا، جس میں صوبے نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو، ریلیف اور انخلا آپریشن کیا اور لاکھوں انسانوں کے ساتھ لاکھوں مویشی بھی بچائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے اور صوبائی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔











