کے پی کی صورتحال پر سب گلے تک بھر چکے، سیاسی جماعتیں اور کتنا انتظار کریں گی: دانیال چودھری

راولپنڈی (اعتماد ڈیسک): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سے سب کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور سیاسی جماعتوں کو طے کرنا ہوگا کہ وہ اور کتنا انتظار کریں گی، کیونکہ یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔
راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کی لہر ہے مگر کوئی اسے دیکھنے کو تیار نہیں؛ وزیراعلیٰ صوبے کے چکر لگا رہے ہیں اور کابینہ ناچنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اکتوبر کو ڈی آئی خان میں کسٹم کے ملازمین جان سے گئے مگر کوئی ان کے گھر تک نہ گیا؛ ایس ایچ او داؤد اور کانسٹیبل فرہاد شہید ہوئے مگر وزیراعلیٰ کے پی کے سر پر جوں تک نہ رینگی، اور شہید کے بچے سوال کر رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ اور کابینہ کے پاس جنازے میں شرکت کا وقت کیوں نہ تھا۔
بیرسٹر دانیال نے سوال کیا کہ 15 سال میں دہشت گردی کے خلاف پالیسی بنانے سے انہیں کس نے روکا تھا، ان کے لوگ پالیسی کے لیے افغانستان کی طرف دیکھتے ہیں اور صوبہ آگ کی لپیٹ میں ہے مگر وہ لانگ مارچ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام مزید نہیں چل سکتا، ایک لکیر کھینچی جائے گی جس پر کوئی رعایت نہیں ہوگی؛ جو جماعت انہیں دہشت گرد کہنے سے ڈرتی ہے وہ ان کا حصہ ہے اور جو ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے وہ ان کی بی ٹیم ہے۔











