پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر زور، گورنر سندھ سے اعزازی قونصل جنرل کی ملاقات

کراچی: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے تاجکستان کے اعزازی قونصل جنرل ارشاد علی ایس قاسم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں توانائی، صنعت، صحت، نقل و حمل، زراعت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
تجارتی حجم اور مانگ
ارشاد علی ایس قاسم نے بتایا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 3 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
ان کے مطابق تاجکستان میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات، چاول، ادویات اور آلاتِ جراحی کی بہت مانگ ہے، جس سے پاکستانی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
گورنر سندھ کا مؤقف
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ تجارتی حجم اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ، بالخصوص کراچی، وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ کراچی کی تجارتی اور معاشی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھائی جاسکتی ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی اقتصادی روابط مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔











