اقرار الحسن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل، عدالت کا این سی سی آئی اے سے 14 روز میں چالان طلب کرنے کا حکم

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے عوام راج پارٹی کے سربراہ اور سابق ٹی وی اینکر اقرار الحسن کو سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد پوسٹ کرنے کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
پیر کو سماعت کے دوران قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) کے حکام نے ملزم اقرار الحسن کو جوڈیشل مجسٹریٹ گلریز میمن کی عدالت میں پیش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے این سی سی آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ مقدمے کا چالان 14 روز کے اندر پیش کرے۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل صفائی نے اقرار الحسن کی ضمانت کی درخواست بھی عدالت میں دائر کر دی۔ مقدمہ سوشل میڈیا پر ریاست کے خلاف مواد پوسٹ کرنے کے الزام سے متعلق ہے۔











