تھر کول بلاک ٹو کے فیز تھری کا افتتاح، اسلام آباد ناکام ہو چکا تو اسے تھرپارکر والوں کے حوالے کر دیں: بلاول بھٹو

تھرپارکر (اعتماد ڈیسک): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھر کول بلاک ٹو کے توسیعی منصوبے فیز تھری کا افتتاح کر دیا اور کہا کہ نئے صوبے بنانے کی باتیں نظام کی ناکامی کا حل نہیں، اگر اسلام آباد ناکام ہو چکا ہے تو اسے تھرپارکر والوں کے حوالے کر دیا جائے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تھر کی ترقی بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی اور پورا پاکستان حیران ہے کہ تھر کہاں پہنچ گیا۔ ان کے بقول سیاسی یتیموں کی جماعت کراچی میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں تھر کول کے بچوں کا ٹاپ کرنا روایت بن چکا ہے، مگر انہیں مبارکباد دینے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو بھی تھر جیسی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونیت کی سیاست سندھ میں لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست ختم کر دے گی اور تھر ترقی کرتا رہے گا۔ صوبوں کے قیام کی منطق انہیں سمجھ نہیں آتی اور وہ چاہتے ہیں کہ اسلام آباد بھی تھرپارکر کی طرح ترقی کرے۔











