وزیراعظم کی ذیابیطس کے خلاف قومی حکمتِ عملی اور نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کی ہدایت

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے قومی ترجیحات کو سامنے رکھ کر واضح پالیسی اور عملی منصوبہ بنایا جائے اور متعلقہ ادارے تحقیق، عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر پر مربوط حکمتِ عملی مرتب کریں۔
ذیابیطس پر کام کرنے والے ملکی اور غیر ملکی طبی ماہرین کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ کالجوں اور جامعات کے طلبہ سمیت نوجوانوں میں متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند معمولات کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت تشخیص سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔ وزیراعظم کے بقول اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون اور عالمی تجربات سے استفادہ ضروری ہے۔
وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہے۔ ماہرین نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور آگاہی مہم میں تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر دنیا بھر میں اس مرض کے علاج میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔











