خیبرپختونخوا میں بڑی انتظامی تبدیلی، فخر عالم عرفان چیف سیکرٹری تعینات، شہاب علی شاہ سمیت افسران اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کریں

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا تعینات کر دیا ہے، جبکہ موجودہ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کو ہٹا کر فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
11 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر فخر عالم عرفان کی تعیناتی فوری نافذ العمل اور تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔ ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے یہ افسر اس سے قبل پاور ڈویژن میں سیکرٹری تھے۔ گریڈ 21 کے افسر شہاب علی شاہ آئندہ احکامات تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کریں گے۔
حکومت نے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔ چارسدہ سے تعلق رکھنے والے اخونزادہ وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری تھے اور اس سے پہلے ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ ساؤتھ اور نارتھ وزیرستان، سیکرٹری ہیلتھ، انفارمیشن اور ایجوکیشن خیبرپختونخوا اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان رہ چکے ہیں۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے پندرہ افسروں کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اور سہیل خان، گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان، اور گریڈ 18 کے کیپٹن ریٹائرڈ زبیر خان، وقار علی، کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم شامل ہیں۔











