گوادر: مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا پشکان کے ڈگارو میں نیو پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح

گوادر، پشکان: رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پشکان کے علاقے ڈگارو میں نیو پمپنگ اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
منصوبہ صوبائی حکومت کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر، مؤثر اور مستحکم بنانا ہے۔
منصوبے میں 60 کے وی اے جنریٹر، 30 ہارس پاور موٹر، 45 ہزار واٹ کا سولر سسٹم، 50 ہزار گیلن گنجائش کا واٹر ٹینک، حفاظتی دیوار اور پائپ لائن کی تنصیب شامل ہے۔
جدید سولر سسٹم اور متبادل بجلی کی سہولت سے پمپنگ اسٹیشن کی فعالیت اور پانی کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی حکومت کے ترقیاتی وژن کے مطابق عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بنیادی سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچائی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈگارو پمپنگ اسٹیشن کی تکمیل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے مقامی آبادی اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











