برشور: پرائس کنٹرول مہم کا آغاز، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر 5 دکاندار گرفتار

برشور: ڈپٹی کمشنر برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالد شمس کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سید رضی ہریرہ نے برشور شہر اور گردونواح کے تجارتی مراکز میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک جامع اور سخت عوامی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سید رضی ہریرہ نے بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور دکانداروں کے پاس سرکاری نرخ ناموں کا معائنہ کیا۔
انتظامیہ نے مجموعی طور پر تاجروں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپناتے ہوئے گراں فروشی اور نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے والے متعدد دکانداروں کو موقع پر سخت وارننگ جاری کی کہ وہ فوری طور پر سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد شروع کر دیں۔
تاہم مسلسل خلاف ورزی کرنے اور سرکاری احکامات کو ہوا میں اڑانے والے 5 دکانداروں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
انتظامیہ کے اس متوازن، غریب پرور اور بلاامتیاز اقدام کو شہریوں اور خریداروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سید رضی ہریرہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر خالد شمس کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہمارا مقصد تاجر برادری کو بلاوجہ تنگ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد کو مقدم رکھیں، بصورت دیگر وارننگ کے بعد بھی قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











