اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت کا کوسٹل ہائی وے کے ہوٹلوں پر چھاپہ، خلاف ورزیوں پر جرمانے

اورماڑہ: عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے مکران کوسٹل ہائی وے کے زیرو پوائنٹ پر قائم ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر اچانک چھاپہ مارا اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار، صفائی، حفظان صحت، واش رومز اور مقررہ نرخوں کا جائزہ لیا۔
معائنے میں چار ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی مکمل چیکنگ کی گئی اور غیر معیاری اشیائے خورونوش اور دیگر خلاف ورزیوں پر مالکان کو جرمانے کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں اور مسافروں کو صاف ستھرا، معیاری اور محفوظ کھانا فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر ماہ نور برکت نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ناقص یا زائد المیعاد اشیاء، صفائی میں غفلت اور نرخوں کی خلاف ورزی پر مزید سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











