اوستہ محمد: سرکاری اراضی کی لیز اور مبینہ بے دخلی کے خلاف گوٹھ نبی بخش ناوڑہ کے مکینوں کا قرآن پاک اٹھا کر احتجاج
اوستہ محمد: اوستہ محمد کے قریب کیٹل فارم کے علاقے گوٹھ نبی بخش ناوڑہ کے رہائشیوں نے سرکاری اراضی لیز پر دیے جانے اور وہاں سے مبینہ بے دخلی کی کوششوں کے خلاف ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھا کر احتجاج کیا اور اعلیٰ حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چار پشتوں سے لائیو اسٹاک کی سرکاری اراضی پر مویشی پالنے اور دیگر ذرائع سے اپنے خاندانوں کا گزر بسر کرتے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق حال ہی میں اراضی لیز پر دیے جانے کے بعد انہیں وہاں سے بے دخل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس سے ان کے روزگار اور مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
حکام سے اپیل
مظاہرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر سرکاری اراضی کی لیز اور بے دخلی کے معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بے دخلی کی صورت میں ان کے خاندان بے گھر ہونے کے ساتھ اپنے روزگار سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کی فریاد نہ سنی گئی اور مسئلے کا منصفانہ حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے قومی شاہراہ بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔











