خاران کو کرکٹ کے باقاعدہ حقوق دینے کا مطالبہ، پی سی بی ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کی شعیب نوشیروانی سے ملاقات

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی سے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن خاران کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی سی بی بلوچستان ریجن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ملاقات میں خاران میں کرکٹ کے فروغ، مقامی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع کی فراہمی اور پی سی بی کی سرگرمیوں کا دائرہ کار خاران تک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ خاران کو پی سی بی کی جانب سے کھیل کے باقاعدہ حقوق دیے جائیں اور پی سی بی کے زیرِ اہتمام ٹورنامنٹس، کرکٹ سرگرمیاں اور تربیتی کیمپس خاران میں بھی منعقد کیے جائیں۔
وفد نے کہا کہ خاران میں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے جنہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، اور وہاں کرکٹ سرگرمیوں سے مقامی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انہیں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملیں گے۔ وفد نے درخواست کی کہ یہ معاملہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اٹھایا جائے۔
میر شعیب نوشیروانی نے یقین دلایا کہ خاران کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے مسائل و مطالبات متعلقہ فورم پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











