ضلع کیچ کے 52 نجی اسکولوں میں سہولیات ناکافی، اے ڈی سی تابش علی بلوچ کا معائنہ کمیٹی بنانے کا اعلان

تربت: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل شائستہ حاصل، ایسوسی ایشن کے صدر سدھید لقمان اور معراب خان سمیت متعلقہ افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کیچ کے نجی تعلیمی اداروں کی صورتحال، اسکولوں کی رجسٹریشن، بنیادی سہولیات، اساتذہ کی تنخواہوں، انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ ضلع کیچ میں مجموعی طور پر 52 نجی اسکول قائم ہیں، تاہم بیشتر اداروں میں بنیادی سہولیات کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔
تابش علی بلوچ نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کو منظم اور فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نجی اداروں کے مسائل کے حل اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات ہو سکیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے لیے مضبوط کمیٹی تشکیل دینے اور بی سی آر اے کے تحت رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو اسکولوں کا دورہ کرکے پانی، بجلی، واش رومز، تعلیمی ماحول اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے گی، اور سہولیات کی عدم دستیابی یا ضوابط کی خلاف ورزی پر متعلقہ اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں نجی اسکولوں کے تدریسی عملے کے مسائل، بالخصوص تنخواہوں کے معاملے پر بھی غور کیا گیا، اور شرکاء نے معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ایسوسی ایشن کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











