عطا شاد ڈگری کالج تربت میں عالمی یومِ ذہنی صحت پر آگاہی سیمینار، ڈاکٹر شعیب احمد کاشانی کا خطاب

تربت: عطا شاد ڈگری کالج تربت میں عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر 10 اکتوبر کو پروفیسر غلام رسول خالد آڈیٹوریم میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں ذہنی صحت، ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے طریقوں اور مجموعی نفسیاتی بہبود کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
سیمینار میں مکران میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر شعیب احمد کاشانی نے بطور مہمان مقرر شرکت کی، جبکہ لیکچرر شعبۂ نفسیات امان یوسف نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
ڈاکٹر شعیب احمد کاشانی نے عالمی یومِ ذہنی صحت کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 10 اکتوبر کو ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کے لیے عالمی سطح پر مخصوص دن کے طور پر منانے کی کیا اہمیت ہے۔ انہوں نے ذہنی صحت کے تصور اور اہمیت کو واضح کیا اور ذہنی دباؤ سے نمٹنے، مشکل حالات کا سامنا کرنے کی حکمتِ عملیوں اور نفسیاتی صحت کے دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔
سیمینار میں سوال و جواب کا انٹرایکٹو سیشن بھی ہوا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور حصہ لیا اور موجودہ سماجی مسائل، سوشل میڈیا کے رجحانات کے ذہنی صحت پر اثرات اور ان سے متعلق قانونی پہلوؤں کے بارے میں سوالات کیے۔
اختتامی کلمات میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ظہیر احمد نے ڈاکٹر شعیب احمد کاشانی کا شرکت، قیمتی وقت اور مفید گفتگو پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ذہنی صحت اور عصرِ حاضر کے دیگر اہم مسائل پر ایسے آگاہی سیمینار ایک صحت مند، باخبر اور معاون تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











