رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 18° جزوی بادل 20° / 10°فجر 05:27ظہر 12:16عصر 16:06مغرب 17:42عشا 19:04
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
امریکی وسط مدتی انتخابات میں مسلمان امیدواروں کی تاریخی کامیابیاں، الہان عمر اور رشیدہ طلیب بھی کامیابحارث رئوف بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی نمائندگی کے لیے پرجوشعبدالسید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن منتخب، مشی گن میں ری پبلکن مائیک راجرز کو شکستنیپال پریمیئر لیگ تنازع: 7 پاکستانی کرکٹرز وطن واپس آ گئےریاست مین: ڈیموکریٹ ٹرائے جیکسن نے طویل عرصے سے سینیٹر سوزن کولنز کو شکست دے دیہاکی کا مستقبل روشن، سہولتوں کی کمی نہیں؛ جیت کے لیے ٹارگٹ سیٹ کرنا ہوگا: محی الدین وانیٹیکساس میں تاریخی الٹ پھیر: جیمز ٹیلاریکو 1988 کے بعد سینیٹ کی نشست جیتنے والے پہلے ڈیموکریٹپاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل دفاع کرنے کے لیے پرعزم: شاہد انورگوہر: بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے باخبر تھےسر تال میوزک اکیڈمی کے باصلاحیت بچوں کا چرچا، علی ڈار کا اکیڈمی کا دورہسرکاری اداروں میں اصلاحات آسان نہیں، مزاحمت کے باوجود تبدیلی کا عمل جاری رکھنا ہوگا: وزیر خزانہرجب بٹ کا مشکل وقت میں مسٹر پتلو کا ساتھ دینے کا اعلان

واشک کے دور افتادہ علاقے حرماگئے میں پہلی کھلی کچہری، ڈپٹی کمشنر کا غیرحاضر ملازمین اور پوست کاشت کے خلاف کارروائی کا اعلان

واشک کے دور افتادہ علاقے حرماگئے میں پہلی کھلی کچہری، ڈپٹی کمشنر کا غیرحاضر ملازمین اور پوست کاشت کے خلاف کارروائی کا اعلان
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان

واشک: وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر واشک عبدالمجید سرپرہ کی زیر صدارت سب تحصیل شاہوگہڑی کے علاقے حرماگئے میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔

کھلی کچہری میں ونگ کمانڈنٹ خاران رائفل کرنل ودان، ایس پی واشک گل احمد سرپرہ، اسسٹنٹ کمشنر واشک خدائیداد، ضلع واشک کے سرکاری محکموں کے ضلعی افسران اور علاقے کے عمائدین و معتبرین شریک تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

علاقے کے عمائدین اور معتبرین نے سب تحصیل شاہوگہڑی کے مسائل بیان کیے۔ انہوں نے ضلع کے دور افتادہ علاقے میں کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی مسائل میں کمی آئے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس علاقے میں پہلی بار کھلی کچہری لگائی گئی ہے، جس کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سن کر جائز اور حل طلب مسائل پر بروقت کارروائی ممکن بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالمجید سرپرہ، ونگ کمانڈنٹ خاران رائفل کرنل ودان اور ایس پی واشک گل احمد سرپرہ نے کھلی کچہری سے خطاب کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور ان کے ہر جائز مسئلے کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق حرماگئے جیسے دور افتادہ علاقے میں کھلی کچہری کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سن کر بروقت حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ضلع واشک میں ایک سال کے دوران 64 بند سرکاری سکول کھول کر فعال کیے گئے ہیں۔ صحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر بہتر علاج معالجہ میسر آ سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غیرحاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو ملازم غیر حاضر پایا گیا اس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ واشک بالخصوص حرماگئے میں پوست کی کاشت کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگر کوئی زمیندار یا بزگر پوست کی کاشت میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور اسے فورتھ شیڈول میں بھی ڈالا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بارڈر کی بندش سے متعلق اعلیٰ حکام سے بات چیت کی جا رہی ہے۔ جنگلات کی کٹائی پر بھی سختی سے پابندی لگائی گئی ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقے میں زمینی تنازعات کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ واشک غفلت میں نہیں ہے۔ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی کو علاقے کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر واشک ہر ماہ اس علاقے کا دورہ کر کے لوگوں کو وقت دیں گے تاکہ ان کے مسائل میں کمی آ سکے۔ عرب شیوخ کی طرف سے ملازمین کی تنخواہوں کی بندش پر متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔

کھلی کچہری کے آخر میں ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ علاقے کے معززین، عمائدین اور معتبرین نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ واشک کی جانب سے ایسی کچہریوں سے ضلع کے دور دراز علاقوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں گے۔

اشتہار