پی اے ایس کے 48ویں بیچ کے زیرِ تربیت افسران کا پی ڈی ایم اے بلوچستان ہیڈکوارٹرز اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ

کوئٹہ: پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے 48ویں بیچ کے افسران نے خصوصی تربیتی پروگرام کے سلسلے میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا، جس کا مقصد انہیں بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی ردعمل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔
یہ مطالعاتی دورہ حکومت بلوچستان کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی درخواست پر منعقد کیا گیا، جس میں زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریسکیو/پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن نوید احمد نے وفد کا استقبال کیا اور تعارفی و انٹرایکٹو سیشن کی صدارت کی۔
سیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر علی جمالی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سلیمان عزیز، ایس ڈی او بالاچ بلوچ، مینیجر آپریشنز محمد فہد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اصغر علی جمالی نے پی ڈی ایم اے کے مینڈیٹ، فرائض اور آپریشنل میکنزم پر بریفنگ دیتے ہوئے آفات سے قبل تیاری، فوری ردعمل، ریسکیو آپریشنز میں رابطہ کاری اور امدادی سرگرمیوں میں ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی۔
بریفنگ میں سیلاب، زلزلوں، خشک سالی، ہیٹ ویوز اور دیگر آفات کے دوران ہنگامی اقدامات، ریسکیو و ریلیف آپریشنز اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پی اے ایس افسران نے پی ڈی ایم اے کے ادارہ جاتی ڈھانچے، محکموں کے ساتھ رابطہ کاری اور حالیہ ہنگامی صورتحال کے عملی تجربات میں خصوصی دلچسپی لی۔
مشینری یارڈ اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر
بعد ازاں وفد نے پی ڈی ایم اے کے آلات و مشینری یارڈ کا دورہ کیا اور بھاری مشینری، ریسکیو گاڑیوں، ایمبولینسز اور دیگر خصوصی ہنگامی آلات کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ وسائل صوبے کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں سمیت ہنگامی صورتحال میں بروقت تعیناتی کے لیے ہمہ وقت دستیاب رکھے جاتے ہیں۔
صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کے دورے میں مینیجر آپریشنز نے وفد کو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، ہنگامی اطلاعات کی مانیٹرنگ، ابتدائی وارننگز کے اجرا اور ضلعی انتظامیہ و عوام تک بروقت معلومات کی ترسیل کے نظام پر بریفنگ دی۔ پی اے ایس افسران نے پی ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا، اور دورے کے اختتام پر گروپ فوٹو بنوا کر اداروں کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











