چتکان ڈگری کالج پنجگور میں گولڈن ویک 2025 کا آغاز، پھلین بلوچ مہمانِ خصوصی

پنجگور: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چتکان میں گولڈن ویک 2025 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ تھے۔ تقریب میں پروفیسرز، لیکچررز اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی نے فیتہ کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا، جبکہ طلبا نے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ تقریب سے ایم این اے پھلین بلوچ، پرنسپل پروفیسر نزیر احمد بلوچ اور بابو عبدالخالق نے خطاب کیا۔
طلبا نے رسہ کشی، زور آزمائی اور دیگر دلچسپ کھیلوں میں حصہ لے کر تقریب کو پرجوش بنا دیا۔ پروفیسرز اور کلاس فور ملازمین کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ تقریب کا منفرد پہلو رہا۔
پھلین بلوچ نے کہا کہ طویل عرصے بعد کالج آکر خوشی ہوئی، جہاں سے ان کا علمی و سیاسی سفر شروع ہوا تھا۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ طلبا و اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کالج کو جدید انٹرنیٹ سروس سے منسلک کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
پرنسپل پروفیسر نزیر احمد بلوچ نے کہا کہ گولڈن ویک کا مقصد طلبا کو تعلیمی مصروفیات سے ہٹ کر صحت مند تفریح فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جسمانی و ذہنی طور پر تازہ دم ہو سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل اور مطالعہ دونوں مل کر ایک متوازن اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیتے ہیں۔











