ڈپٹی کمشنر قلات عائشہ زہری: استاد قوم کے مستقبل کی بنیاد مضبوط کرنے والا معمار ہے، یوم اساتذہ تقریب

قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا ہے کہ استاد معاشرے کا وہ معمار ہے جو قوم کے مستقبل کی بنیاد مضبوط کرتا ہے۔ استاد صرف کتابوں کا علم نہیں دیتا بلکہ طلبہ کی شخصیت، کردار، سوچ اور صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں عملی زندگی کے لیے تیار کرتا ہے۔ وہ انٹرنیشنل ٹیچر ڈے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال قلات میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنی ترقی ہوئی ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں جتنی نئی ایجادات سامنے آئی ہیں، ان سب کے پیچھے تعلیم اور اساتذہ کی محنت کا بنیادی کردار ہے، اور آج ہر شخص اپنی کامیابی کے سفر میں اپنے اساتذہ کی رہنمائی کا مقروض ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ کا احترام ہماری تہذیب اور معاشرتی اقدار کا اہم حصہ ہے۔ والدین بچے کو زندگی دیتے ہیں جبکہ استاد اسے زندگی گزارنے کا سلیقہ، شعور اور علم عطا کرتا ہے، اس لیے استاد کی عزت دراصل علم اور مستقبل کی عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ نسلوں کی تعمیر کا عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں اور ان کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔
تقریب میں اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے استاد کی عظمت اور معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کے کردار پر اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی اور ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ ثناء و دیگر نے پروگرام کو سراہا اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر، ضلعی تعلیمی افسران اور اساتذہ نے کیک کاٹا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











