ڈپٹی کمشنر قلات عائشہ زہری کا سکول کوہنگ کا دورہ، تعلیمی معیار کا جائزہ
قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے نجی تعلیمی ادارے میرٹن زون گرائمر فاؤنڈیشن سپورٹڈ سکول کوہنگ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی بھی موجود تھے۔
دورے کا مقصد علاقے میں تعلیمی معیار کا جائزہ لینا اور نجی و فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاسوں میں جا کر طلبہ سے تعلیمی و نصابی سوالات پوچھے، جن کے بچوں نے پراعتماد انداز میں جوابات دیے۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول کے بہترین تعلیمی ماحول، تدریسی معیار اور بچوں کی ذہنی استعداد کو سراہتے ہوئے سکول کی مجموعی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
سکول آمد پر تعلیمی ادارے کی ہیڈ آپریٹر میڈم مہوش زہری نے ڈپٹی کمشنر قلات اور ایجوکیشن آفیسر کا پرجوش استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر میڈم مہوش زہری کی جانب سے ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کو سکول کے دورے اور تعلیم دوستی کے اعتراف میں ایک اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول انتظامیہ اور اساتذہ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کو درپیش جو بھی مسائل یا مشکلات ہوں گی، انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ علاقے کے بچے بغیر کسی رکاوٹ کے معیاری تعلیم حاصل کرتے رہیں۔











