کوئٹہ: دہشت گردی کے خلاف اتحاد ضروری، مولانا فضل الرحمٰن فوج کے خلاف بیانات سے گریز کریں: زرین مگسی
کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون، سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ایسے نازک وقت میں مولانا فضل الرحمٰن کو چاہیے کہ وہ پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو انسدادِ دہشت گردی کی پالیسی پر اختلافات کا سامنا رہا، تاہم سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں امن و استحکام کے لیے بے شمار قربانیاں دے رہی ہے، جن کا احترام ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ قومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اتحاد، یکجہتی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔
نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قومی مفاد اور ملکی سلامتی کے معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور امن و امان کے قیام میں ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔











