کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں 8 دہشت گرد ہلاک، صدر زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد/راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں سیکیورٹی فورسز نے ٹریفک روکنے کی کوشش کرنے والے 5 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
نوشکی میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔
خضدار میں بڑا آپریشن ناکام بنایا گیا۔ فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوا اور 490 کلوگرام وزنی دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشنز پوری رفتار سے جاری رہیں گے۔
صدر کا بیان
ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں تین مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران آٹھ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے پنجپائی میں مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف مؤثر کارروائی پر بھی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر نے خضدار میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے اور 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔











