گوادر میں “بیادِ رحیمہ بانو” آرٹ مقابلہ، قادر الٰہی بخش اول، پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم

گوادر: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر محمد حسن نے کہا ہے کہ آرٹ اور تخلیقی سرگرمیاں طلبہ و طالبات میں مشاہدے، تخیل، جمالیاتی ذوق اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے کے ساتھ ان کی شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے نوجوانوں کو اپنی فنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔
وہ گوادر ایجوکیشنل اینڈ انوائرمنٹل ویلفیئر سوسائٹی (جیوز) کے زیرِ اہتمام شگراللہ آرٹ گیلری میں منعقدہ "بیادِ رحیمہ بانو" آرٹ مقابلے سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ مقابلہ بخشی گرلز اسکول گوادر کی سابق ہیڈ مسٹریس مرحومہ رحیمہ بانو کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا، جس میں گوادر کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
ایجوکیشن آفیسر نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور آرٹ مقابلے و نمائش کے انعقاد پر جیوز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں کو صلاحیتیں اجاگر کرنے، تخلیقی سوچ کو فروغ دینے اور فن کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع دیتی ہیں۔
جیوز کے صدر کے بی فراق نے کہا کہ تنظیم گوادر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے آرٹ نمائشوں، ورکشاپس اور دیگر فنی و تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
تقریب میں مرحومہ رحیمہ بانو کے فرزند صابر محمد حنیف، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مقابلے میں قادر الٰہی بخش نے پہلی، شاکر مراد جان نے دوسری اور آمنہ علی اکبر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











