گوادر: نگور شریف اسکول کے دورے میں دو اساتذہ غیر حاضر، ڈسٹرکٹ چیئرمین کی برہمی

گوادر / نگور شریف: ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر شئے مختار نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول نگور شریف کا دورہ کیا۔ انہوں نے تدریسی عمل، طلبہ کی تعلیمی استعداد اور اساتذہ کی حاضری کا جائزہ لیا اور مختلف کلاسوں میں طلبہ سے تعلیمی اور عمومی معلومات کے سوالات کیے۔
طلبہ کے اعتماد کے ساتھ جوابات دینے پر انہوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ تاہم اسکول کے حاضری رجسٹر اور دیگر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران دو اساتذہ غیر حاضر پائے گئے، جس پر ڈسٹرکٹ چیئرمین نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ ذمہ داران کو غیر حاضر اساتذہ کے خلاف فوری نوٹس لینے کی ہدایت کی۔ ضلعی چیئرمین شئے مختار نے واضح کیا کہ تعلیم کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اساتذہ کی بروقت حاضری اور تدریسی ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع نہ ہو اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











