گوادر: گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل میں چھ روزہ کروشیا کرافٹ ورکشاپ اختتام پذیر، طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم

گوادر: صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ عملی ہنر سے آراستہ کرنے، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل میں منعقدہ چھ روزہ کروشیا کرافٹ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔
اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ طالبات کی تیار کردہ کروشیا مصنوعات کی نمائش بھی کی گئی، جسے شرکاء نے سراہا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر وہاب مجید تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف نصابی علم فراہم کرنا نہیں بلکہ طالبات کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں خودمختار بننے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تربیتی سرگرمیاں طالبات میں خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور ہنرمندی کو فروغ دینے کے ساتھ مستقبل میں باعزت روزگار کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔
تقریب سے اسکول کی ہیڈمسٹریس بلقیس سلیمان، انسٹرکٹر فاطمہ، مزمل، سقر ناصر، عادل نودزہی و دیگر نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد طالبات کو روایتی تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنا تھا۔ فنی تربیت کو تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس سے طالبات کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔
مقررین نے معروف کاروباری شخصیت و ایکسپورٹر میر فاروق کلمتی کی تعلیمی، صحت اور سماجی شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کے لیے ہنرمندی کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ان کے احساسِ ذمہ داری اور فروغِ تعلیم کے عزم کا مظہر ہے۔ ایسے بامقصد اقدامات طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور خود روزگاری کے ذریعے معاشی خودمختاری کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











