کمشنر سیوی اسداللہ فیض کی زیر صدارت پولیو ٹاسک فورس اجلاس، زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کا حکم

سیوی: کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈویژنل پولیو آفیسر ڈاکٹر اشرف اور ڈی ایچ او سیوی ڈاکٹر قادر ہارون سمیت افسران شریک ہوئے، جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز اور ڈی ایم پی پی ایچ آئی ویڈیو لنک سے شامل ہوئے۔
اجلاس میں پولیو مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلاننگ، زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی، پوسٹ کمپین ویلیڈیشن اور ٹیموں کی تعیناتی کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے مائیکرو سینسز کا عمل مکمل کرنے، زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی اور پوسٹ کمپین ویلیڈیشن کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ ضلعی سطح پر تمام تعیناتیاں ڈی او سی کے ذریعے ہوں گی اور تمام اضلاع زمینی حقائق کے مطابق مائیکرو پلان تیار کریں۔
کمشنر نے صحت عامہ کے لیے سیوریج کے نظام پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج کا مسئلہ حل کیے بغیر صحت عامہ کے دیگر مسائل پر قابو پانا مشکل ہے۔ اجلاس میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضلعی و ڈویژنل سطح پر مربوط حکمت عملی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











