قلعہ عبداللہ: گلستان میں 125 ایکڑ پر بھنگ کی فصل کا خاتمہ، مہم میں مجموعی رقبہ 1,816 ایکڑ
قلعہ عبداللہ: ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں انسدادِ منشیات مہم 2026 کے تحت سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوران مزید 125 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی چرس بھنگ کی فصل کا خاتمہ کر دیا گیا، جس کے بعد مہم کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 1,816 ایکڑ اراضی کو بھنگ کی کاشت سے پاک کیا جا چکا ہے۔
28 اکتوبر کو جاری رہنے والی اس کارروائی کی قیادت 77 ونگ کے ونگ کمانڈر اور ضلعی انتظامیہ قلعہ عبداللہ نے مشترکہ طور پر کی۔ آپریشن میں ایف سی، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)، پولیس، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، ملٹری انٹیلی جنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔
مشترکہ ٹیم نے تحصیل گلستان کے علاقے نورک سلیمان خیل میں انسدادِ بھنگ مہم کے آٹھویں روز کارروائی کرتے ہوئے 125 ایکڑ اراضی سے بھنگ، چرس کی فصل کا خاتمہ کیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ انسدادِ بھنگ مہم کا مقصد علاقے میں منشیات کی غیر قانونی کاشت کا مکمل خاتمہ اور نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔ متعلقہ اداروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بھنگ کی کاشت کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔











