جامعہ گوادر: شعبہ تعلیم کے بورڈ آف اسٹڈیز نے چینی زبان اور مصنوعی ذہانت کے کورسز کی منظوری دے دی

گوادر: جامعہ گوادر کے شعبہ تعلیم کے بورڈ آف اسٹڈیز کا چھٹا اجلاس ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رابعہ اسلم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں B.Ed پروگرامز کے معیار، نصاب میں جدت اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں B.Ed پروگرامز کے لیے پروفیشنل سرٹیفکیشن، لازمی انٹرن شپ، سمسٹر فریز کے بعد طلبہ کی دوبارہ شمولیت کی پالیسی اور منتخب کورسز کے نصاب میں نظرثانی کی منظوری دی گئی۔ طلبہ کو جدید اور بین الشعبہ جاتی علوم سے روشناس کرانے کے لیے چینی زبان کو آرٹس اینڈ ہیومینٹیز اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کو بین الشعبہ جاتی کورس کے طور پر شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ایس بی کے ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کی ڈاکٹر زرینہ وحید، انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کراچی کی ڈاکٹر کرن ہاشمی، جامعہ گوادر کے شعبہ تعلیم کی لیکچرر مس شائستہ نور، لیکچرر مختار بشیر، عبدالحفیظ اور شعبہ تعلیم کی مس فرح نے شرکت کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











