قلات: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ کی اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات
قلات: ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) ثناء اللہ ثناء، محکمہ تعلیم قلات و خالق آباد کے افسران اور آر ٹی ایس ایم (RTSM) شاہنواز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات شاہنواز بلوچ نے ضلع بھر میں تعلیمی نظام کی بہتری اور اساتذہ کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامی گائیڈ لائنز جاری کیں۔
حاضری کی نگرانی کے احکامات
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نے واضح کیا کہ اسکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت قابلِ قبول نہیں، غفلت برتنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت سخت ایکشن جاری رہے گا۔
محکمہ تعلیم کے افسران اور آر ٹی ایس ایمز کو سختی سے پابند کیا گیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں کے دورے کریں اور حاضری کی باقاعدہ نگرانی کریں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات نے مزید کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، انہیں معیاری تعلیم اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











