موسیٰ خیل: بی آر ایس پی کی ملیریا کنٹرول اور آئی سی سی ایم پر چار روزہ تربیتی ورکشاپ، شرکاء میں اسناد تقسیم

موسیٰ خیل: بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام ملیریا کنٹرول پروگرام اور انٹیگریٹڈ کمیونٹی کیس مینجمنٹ کی مہارتوں کی منتقلی کے حوالے سے چار روزہ تربیتی ورکشاپ تحصیل درگ میں کامیابی سے منعقد کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مجیب الرحمن بگٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ماسٹر ٹرینر اقبال، بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شفیق جعفر اور انڈس ہسپتال کے نمائندے ظہور احمد خان بھی شریک تھے۔
ورکشاپ کا مقصد ضلعی سطح پر صحت کے کارکنان اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید تکنیکی مہارتیں منتقل کرنا تھا۔ اس میں مقامی ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی بیسڈ موٹیویٹرز اور صحت کے شعبے سے وابستہ ضلعی عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔
ماہرین نے شرکاء کو ICCM پروٹوکولز، ملیریا کی علامات، ٹیسٹنگ کے طریقۂ کار اور مریضوں کی بروقت دیکھ بھال کی عملی تربیت دی۔ کمیونٹی کی سطح پر ملیریا سے بچاؤ کے لیے مچھر دانیوں کے استعمال، ٹی بی، ایڈز اور صفائی ستھرائی کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس اقدام سے موسیٰ خیل کے دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات، بالخصوص ملیریا کی روک تھام اور مؤثر علاج میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











