میر جمیل رند کی بلوچستان میڈیا فورم کے 10 نکاتی مطالبات کی مکمل حمایت

کوئٹہ: میر جمیل رند نے بلوچستان میڈیا فورم کے 10 نکاتی مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے معروف قبائلی، سیاسی و سماجی شخصیت میر جمیل رند سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل، صحافتی برادری کے حقوق، تحفظ اور میڈیا سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قیوم بلوچ نے میر جمیل رند کو فورم کے قیام، اغراض و مقاصد اور تنظیمی جدوجہد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے حل اور میڈیا انڈسٹری کی بقا کے لیے پیش کیے گئے 10 نکاتی مطالبات کی تفصیل بھی بتائی۔
میر جمیل رند کا مؤقف
میر جمیل رند نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور عوام کی آواز ہوتے ہیں، جو نامساعد حالات کے باوجود عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حقائق سامنے لانے کے لیے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔
ان کے مطابق صحافیوں کی مشکلات کا خاتمہ، ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں محفوظ و سازگار ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحافیوں کے معاشی مسائل، پیشہ ورانہ مشکلات اور تحفظ سے متعلق معاملات کو سنجیدگی سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر تسلیم کریں۔
میر جمیل رند نے فورم کی جانب سے صحافیوں کے حقوق کے لیے منظم انداز میں آواز بلند کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جائز مطالبات کی حمایت اور مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم صحافیوں کے اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانے اور ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کی جدوجہد جاری رکھے گا۔











