نصیرآباد ڈویژن: 28 خالی آسامیوں پر میڈیکل آفیسرز کے انٹرویوز، 34 سے زائد ڈاکٹرز شریک

نصیرآباد: نصیرآباد ڈویژن میں محکمہ صحت کی خالی آسامیاں پُر کرنے کے لیے ڈویژنل ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین و کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی سربراہی میں میڈیکل آفیسرز کے انٹرویوز لیے گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں پہلے مرحلے میں نصیرآباد ڈویژن کی 28 خالی آسامیوں کے لیے 34 سے زائد ڈاکٹرز نے انٹرویوز میں حصہ لیا۔ کمیٹی ارکان نے امیدواروں کے تعلیمی اور دیگر ضروری کاغذات کی جانچ پڑتال کی اور ان سے مختلف سوالات بھی کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ داؤد خان کانسی اور ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کو مزید تقویت دینے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ڈاکٹرز کی کمی دور کر کے دور دراز علاقوں سمیت ڈویژن بھر کے عوام کو معیاری اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











