چمن میں یوم دفاع پاکستان پر ضلعی انتظامیہ کی تقریب، پیدل مارچ اور کار ریلی

چمن: سرحدی ضلع چمن میں یومِ دفاعِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ چمن کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد پیدل مارچ اور کار ریلی نکالی گئی۔
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مشران، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی، سرکاری افسران، طلباء اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پیدل مارچ کیا جبکہ قومی پرچموں سے سجی گاڑیوں کی کار ریلی بھی نکالی گئی، اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور شہدائے وطن زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
مقررین نے 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی تاریخ بہادری، قربانی اور قومی اتحاد کی روشن مثالوں سے عبارت ہے، اور یومِ دفاع وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











