کوئٹہ: ایوب اسٹیڈیم میں انٹرا اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح، میر لیاقت لہڑی مہمان خصوصی
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے انٹرا اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب آج ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی تھے۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی ایسوسی ایشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سعید امین، معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ای ڈی او تعلیم کوئٹہ اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی سطح پر ٹیلنٹ سامنے لانے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی یہ دلی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کا تعارف حاصل کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
میر لیاقت لہڑی نے ہاکی ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوان نسل میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے ٹورنامنٹس کا تسلسل برقرار رکھا جانا چاہیے تاکہ اسکولوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع مل سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ہاکی ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔











