لورالائی: ای پی آئی ویکسینیٹرز کا ماہانہ جائزہ اجلاس، ڈی ایچ او ڈاکٹر فہیم خان کی اے آئی حاضری نظام کی ہدایت

لورالائی: ای پی آئی کانفرنس ہال لورالائی میں ای پی آئی ویکسینیٹرز کے دوسرے شیڈول کے حوالے سے ماہانہ جائزہ اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا، جس میں ای پی آئی پروگرام کی کارکردگی، ویکسینیشن اہداف، فیلڈ سرگرمیوں اور حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہ زمان حمزہ زئی، ڈویژنل پولیو آفیسر ڈاکٹر حنیف لونی، ایم این ای آفیسر سید رفیع اللہ شاہ، ڈی ایس وی گل نواز خان ناصر، اے ایس وی عادل الیاس، سینئر ویکسینیٹرز اور بازار کے مختلف علاقوں کے ایریا انچارجز نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی اور پیش رفت رپورٹس پیش کیں۔
ڈاکٹر فہیم خان نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کے وژن کے مطابق محکمہ صحت کے تمام اداروں کو فعال اور مؤثر بنانا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کا پروگرام بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے ای پی آئی سے وابستہ اہلکار فرائض میں کوتاہی نہ برتیں اور اہداف ہر صورت حاصل کریں۔
انہوں نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ اپنی حاضری اے آئی (AI) پر مبنی حاضری نظام کے ذریعے یقینی بنائیں اور تفویض کردہ اہداف مقررہ مدت میں مکمل کریں، اور واضح کیا کہ غفلت، غیر حاضری یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے، ماں اور بچے کی صحت میں بہتری اور زچہ و بچہ کی اموات میں کمی محکمہ صحت کی اہم ترجیحات ہیں، اور فیلڈ ٹیمیں دور دراز علاقوں تک بھی سہولیات کی رسائی یقینی بنائیں۔
اجلاس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ ویکسینیشن کوریج میں اضافے اور اہداف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ جاری رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











