دُکی: اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم خان حریفال کی تجاوزات اور گراں فروشی کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل
دُکی: ڈپٹی کمشنر دُکی فضل الرحمن کبدانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دُکی محمد اکرم خان حریفال نے شہر کے مختلف بازاروں اور شاہراہوں کا دورہ کرتے ہوئے تجاوزات، غیر قانونی ریڑھیوں اور گراں فروشی کے خلاف کارروائی کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے دکانوں کے سامنے غیر ضروری اور اضافی سامان رکھ کر عوامی راستوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی، جبکہ متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں۔
اسی طرح مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
دکانداروں کو ہدایت
اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم خان حریفال نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیائے ضروریہ فروخت کریں، دکانوں کے سامنے تجاوزات قائم کرنے اور عوامی راستوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور بازاروں میں نظم و ضبط قائم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ دُکی نے واضح کیا کہ تجاوزات، گراں فروشی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا۔











