کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں 40 سولر اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح کر دیا

تربت: کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں 40 سولر اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح کیا، ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کی بہتری پر زور دیا۔
یہ سولر اسٹریٹ لائٹس میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (CSR) فنڈ کے تحت نصب کی گئی ہیں۔ منصوبے کا مقصد ہسپتال کے احاطے میں رات کے وقت مؤثر روشنی کی فراہمی اور مریضوں، تیمارداروں اور عملے کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ کمشنر مکران ڈویژن و پروجیکٹ ڈائریکٹر میرانی ہاؤسنگ اسکیم کی جانب سے اس مقصد کے لیے 37 لاکھ 89 ہزار 947 روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی، جس کے ذریعے ہسپتال کے احاطے میں جدید سولر لائٹنگ سسٹم نصب کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مقبول انور، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، پرنسپل مکران میڈیکل کالج ڈاکٹر افضل خالق، ڈاکٹر میران دشتی، ڈاکٹر آصف بلوچ، ڈاکٹر عطاء اللہ، پی اے ٹو کمشنر ناصر حسن اور دیگر ڈاکٹرز و متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، بالخصوص ایمرجنسی اور چلڈرن ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں جاری ترقیاتی اور بہتری کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کمشنر مکران ڈویژن نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں بین الادارہ تعاون نہایت اہم ہے، اور سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے ہسپتال کے روشنی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے مریضوں، تیمارداروں اور ہسپتال کے عملے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سولر اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی سے ہسپتال کے ماحول اور سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور علاج کے لیے آنے والے شہریوں کو زیادہ سہولت میسر ہوگی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











